تھری ایڈیٹس 2009ء میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ کی سپر ڈپر ہٹ فلم ہے۔ اس فلم نے باکس آفس پر سالوں راج کیا ہے اور ناظرین کے دل پر یقیناً دہائیوں تک راج کرے گی۔ عامر خان کے مرکزی کردار کے ساتھ یہ فلم کامیابی کی سائنس اور کیرئیر گائڈنس پر ایک شاندار فلم ہے ۔ ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کر دینے والے مناظر کے درمیان یہ فلم زندگی کے کئی شاندار اسباق سکھا دیتی ہے، میرے خیال میں ہر کالج اور یونیورسٹی کے طالبِ علم کو اپنی زندگی کی راہیں متعین کرنے سے پہلے یہ فلم ضرور دیکھنی چائیے۔ تھری ایڈیٹس سے کچھ اہم اسباق جو سیکھے جا سکتے ہیں، درج ذیل ہیں۔
کامیابی کے پیچھے مت بھاگو
دنیا میں ہر شخص کامیاب ہونا چاہتا ہے ، کامیابی کا انتہائی سادہ اور برسوں کا آزمودہ راز رینچو ( عامر خان) نے اس فلم میں بیان کر دیا ہے کہ کامیابی کے پیچھے مت بھاگیں بلکہ خود کو اس قابل بنا لیں کہ کامیابی آپ کے پیچھے جھک مار کر آئے۔کامیابی کے حصول کا انتہائی شاندار اور سادہ اصول ہے کہ جب بھی کوئی شخص خود میں مہارت و قابلیت پیدا کر لے گا ، کامیابی خود بخود اس کی طرف کھنچی چلی آئے گی۔ میرے مشاہدے کی بات ہے کہ ہمارے ہاں جو طالبِ علم ڈگریوں کا پلندہ اٹھائے نوکریوں کی تلاش میں خوار ہو رہے ہوتے ہیں ان کی خواری کی وجہ ان کے اندر قابلیت کا نہ ہونا ہے، اگر آپ کے پاس واقعتاً کوئی مہارت ہے تو وہ مہارت خود بخود آپ کے لیے راستہ بنا دے گی۔
کامیابی کا حقیقی مفہوم
ہمارے ہاں کامیابی کو عموماً روپے پیسے میں ناپا جاتا ہے۔ اگرچہ روپے پیسے اور دولت کی زندگی میں بہت اہمیت ہے لیکن دولت سب کچھ نہیں ہوتی اور یہ کامیابی کا یہ معیار بھی نہیں ہے۔ کامیابی کا صحیح معنوں میں کوئی مطلب ہے تو وہ خوشی ہے اور یہی وہ راز ہے جو فلم کے ایک منظرمیں فرحان کی زبانی پتا چلتا ہے:
کیا ہوا کہ اگر میں کم پیسے کماؤں گا، گھر اور گاڑی چھوٹی ہو گی لیکن میں خوش رہوں گا
اس لیے زندگی میں خود کو صحیح معنوں میں کامیاب بنانے کے لیے صرف وہ کام کریں جو واقعتاً آپ کرنا چاہتے ہیں ، کبھی بھی زندگی میں کسی ایسے کام کو اپنا پیشہ نہ بنائیں جس میں آپ کو کوئی انٹرسٹ نہیں اگرچہ اس میں آمدن کے مواقع زیادہ ہوں۔یاد رکھیں خوشی آپ کو صرف اسی کام میں مل سکتی ہے جو آپ دل سے کرنا چاہتے ہوں، جب آپ زندگی میں وہ کرتے ہیں جو آپ کرنا چاہتے ہیں تو ہی آپ حقیقی معنوں میں کامیاب ہو پاتےہیں۔
شوق: کامیابی کا واحد راستہ
زندگی میں اگر آپ حقیقتاً اگر کوئی بڑی کامیابی اوربڑا نام و مقام حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اپنے شوق کو اپنا کیئریر یا پیشہ بنا لیں، ایسا کرنے سے آپ جلد یا بدیر کامیاب ہو جائیں گے ۔ جب آپ اپنے شوق کو اپنا پیشہ بنا لیتے ہیں تو وہ پیشہ آپ کے لیے کام نہیں ہوتا بلکہ آپ کے لیے آرام ہوتا ہے اور پھر آپ اپنے آرام کے لمحوں میں وہ کر کے دکھا دیتے ہیں جو دنیا کو حیران کر کے رکھ دیتا ہے۔ شوق کے راستے میں نہ تو کوئی بات آپ کو بری لگتی ہے، نہ کسی کے طعنوں کا آپ کو دکھ ہوتا ہے۔ آپ سب سے بے نیاز ہو کر بس کام کیے چلے جاتے ہیں اور پھر ایک دن جب وہ کام دنیا کے سامنے آتا ہے تو دنیا آپ پر ٹوٹ پڑتی ہے۔
تعلیم کا مطلب سیکھنا ہے ، ڈگری نہیں
ہمارے ہاں سکول و کالج کی تعلیم کا مقصد و منتہیٰ ڈگری اور پھر ڈگری کی بنیاد پر نوکری کا حصول سمجھا جاتا ہے جب کہ تعلیم کا حقیقی مقصد سیکھنا ہوتا ہے اور یہ وہ سبق ہے جو کہ آپ اس فلم سے بھی سیکھ سکتے ہیں۔ اگر آپ تعلیم ڈگری کے لیے حاصل کر رہے ہیں تو آ پ کی شاندار ڈگری بھی آپ کو ایک عام سی اور پریشانیوں سے بھرپور زندگی دے گی لیکن اگر آپ کی تعلیم کا مقصد کچھ سیکھنا ہے تو پھر آپ کے پاس ڈگری نہ بھی ہو آپ کا علم ، ہنر اور مہارت آپ کے لیے ایک شاندار زندگی کا حصول ممکن بنا دیں گے۔
مرتے دم تک زندہ رہو
زندگی بہت مختصر اور خوبصورت ہے اور ہمیں اس زندگی سے پوری طرح لطف اندوز ہونا چائیے، یہ خدا کا بہت بڑا تحفہ ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چائیے۔ زندگی کے ہر لمحے سے پوری طرح لطف اندوز ہوں، اس فلم سے ایک اور سبق جو سیکھا جا سکتا ہے وہ یہ ہے کہ ہمیں زندگی سے لطف اندوز ہونے کے لیے شرائط نہیں لاگو کر لینی چائیں کہ میرے پاس یہ ہو گا تو میں خوش ہوں گا، یہ آجائے گا تو میں ہنسوں گا۔ جو ہے اس پر صابرو شاکر ہو جائیں اور اس زندگی کو آخری سانس تک کھل کر جیئں۔







