کامیابی کے راستے

|| 1 تبصرہ
دنیا میں کوئی شخص ایسا نہیں ہو گا جو چاہتا ہو کہ وہ کامیاب نہ ہو۔ ہم میں سے ہر شخص کامیاب ہونا چاہتا ہے، لیکن ہر شخص کامیاب ہو نہیں پاتا۔ اس دنیا پر موجود افراد کی اکثریت اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار قسمت کو ٹھہرا دیتی ہے۔ جدید تحقیقات یہ بات ثابت کر چکی ہیں کہ کامیابی میں قسمت کا عمل دخل نہ ہونے کے برابر ہے۔ ڈاکٹر تھامس سٹینلے نے سالوں تک دنیا کے کروڑ پتی افراد کا مطالعہ کیا تا کہ ان کی کامیابی کا راز جان سکیں، سالہا سال کی تحقیقات کو انہوں نے اپنی کتاب ( The Millionaire Mind ) میں پیش کیا۔ سٹینلے نے اپنی تحقیقات کی بنا پر کامیابی کے 30 عوامل معلوم کیے، ان عوامل میں قسمت کا نمبر 27واں ہے۔
کامیابی کیا ہے؟ کیسے حاصل ہوتی ہے؟ کیوں کچھ لوگ ہمارے دیکھتے ہیں دیکھتے کامیاب ہو جاتے ہیں؟ کیوں کچھ لوگ سالہا سال کی جدوجہد کے بعد بھی کامیاب نہیں ہو پاتے؟ ایسے بے شمار سوالات ہیں جو میرے اور آپ کے ذہن میں ابھرتے ہیں، لیکن ہمیں ان سوالوں کے جواب نہیں مل پاتے۔ اس بلاگ میں ہم ان سوالوں کے جواب جاننے کی کوشش کریں گے۔ میں کامیابی سائنس کا ایک طالبِ علم ہوں۔ میں سالوں سے ان سوالوں کے جواب جاننے کی کوشش کر رہا ہوں۔ اس ویب سائٹ کی مدد سے ہم مل کر ان سوالوں کے جواب جانیں گے اور پھران جوابات کی بنا پر حاصل ہونے والے اصولوں کو اپنی زندگی میں لاگو کر کے کامیابی کی منزل تک رسائی حاصل کریں گے۔ انشاءاللہ

کامیابی کیا ہے؟

کامیابی کی کوئی ایک متفقہ اور مسلم تعریف نہیں ہے۔ دنیا بھر میں کامیابی کے مختلف ماہرین نے کامیابی کی مختلف تعریفیں کی ہے۔ حقیقت میں کامیابی کی کوئی مسلم تعریف ہو بھی نہیں سکتی۔ ہر شخص کے نزدیک کامیابی کا معیار مختلف ہے، جس کی بنا پر ہر شخص کی کامیابی کی تعریف بھی جدا ہے۔ عمران خان کے نزدیک جو چیز کامیابی ہے احسن خان کے نزدیک اس کا کامیابی سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔ ایک شخص جو دین کا علم حاصل کر رہا ہے اس کے نزدیک کامیابی قران و حدیث کے علم میں مہارت ہے جب کہ طب کا طالبِ علم اپنے شعبے میں مہارت کو کامیابی قرار دے گا۔ ہم میں سے اکثر دولت کے حصول کو کامیابی قرار دیتے ہیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ جب آپ کامیاب ہوتے ہیں تو دولت خود بخود آپ کے پیچھے چلی آتی ہے۔ عام فہم الفاظ میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ اگر آپ کو سکون، صحت، دولت، عزت، شہرت، اچھی فیملی، اچھے دوست احباب، آپ کی پسند کا پیشہ، تعلیم اور سکون و آرام بھری زندگی حاصل ہے تو آپ دنیاوی لحاظ سے کامیاب ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اگر آپ کو اپنے خالق و مالک کی رضا بھی حاصل ہے تو آپ دینی ودنیاوی ہر لحاظ سے کامیاب ہیں۔ ایک مسلمان تبھی کامیاب ہے اگر وہ دین و دنیاوی دونوں طرح سے کامیاب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام ہمیں یہ دعا سکھاتا ہے۔
ربنا اتنا في الدنيا حسنة وفي الاخرة حسنة
اے ہمارے رب ہمیں دنیا میں بھی بھلائی عطا فرما اورآخرت میں بھی بھلائی عطا فرما۔
اس تمام بحث کو ہم مختصر الفاظ میں یوں سمیٹ سکتے ہیں:
آپ جو چاہتے ہیں وہ پا لیتے ہیں تو آپ کامیاب ہیں۔

کامیابی کیسے اور کن لوگوں کو حاصل ہوتی ہے؟

ڈاکٹر سٹینلے، ڈاکٹر نپولین ہل اور کامیابی کے دیگر ماہرین کی تحقیات یہ بات ثابت کر چکی ہیں کہ کامیابی خوش قسمتی سے نہیں مل جاتی۔ کامیابی ایک مکمل سائنس ہے، اس کے باقاعدہ اصول و ضوابط ہیں اور وہ فرد یا ادارے جو کامیابی کے اصولوں کو جان کر یا جانے بنا اپناتے ہیں وہ کامیاب و کامران ٹھہرتے ہیں جب کہ دیگر لوگ کامیاب نہیں ہو پاتے۔ کامیابی کے ان رازوں کو جاننے کے دو طریقے ہیں
1۔ آپ ساری زندگی کوشش کرتے گزار دیں، مختلف چیزیں اور مختلف اصول اپنائیں اور جب آپ مرنے والے ہوں گے تو آپ یقیناً کامیابی کے راز جان چکے ہوں گے۔
2۔ آپ سے پہلے اس دنیا میں بے شمار لوگ گزر چکے ہیں وہ اپنی زندگیاں کامیابی کے راز جاننے میں کپھا چکے ہیں، انہوں نے اپنے تمام راز اپنی تصنیفات میں بیان کر دیے ہیں یا ماہرین نے مختلف تحقیات کی بنا پر ان کی کامیابی کے راز دریافت کر لیے ہیں۔ آپ ان اصولوں کو جان کر انہیں اپنی زندگی میں لاگو کر لیں انشاءاللہ جلد کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔
تو پھر آپ کامیابی کے راز جاننے کے لیے کونسا طریقہ اختیار کریں گے؟ اختیار آپ کے پاس ہے۔
کامیابی کے اصول کونسے ہیں انہیں ہم آنے والے دنوں میں ایک ایک کر کے آپ سے شیئر کریں گے۔ ان اصولوں کو جاننے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس ویب سائیٹ سے جڑے رہیں اور اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ ہمیں سبسکرائب کر لیں تا کہ ہر نیا شائع ہونے وال مضمون ہم آپ کو ای میل کر سکیں۔ آپ ہمیں فیس بک اور ٹوئٹر پر بھی جوائن کر سکتے ہیں۔
آپ کو یہ مضمون اور ویب سائٹ کیسی لگی۔ نیچے تبصرہ کر کے ضرور بتائیے اور ہاں سبسکرائب کرنا نہ بھولیے گا۔

1 تبصرہ :

آپ کو یہ تحریر کیسی لگی، یہاں پر آپ اظہارِ خیال کر سکتے ہیں۔ کیوں کہ اس بلاگ کی زبان اردو ہے اس لیے پسند کیا جاتا ہے کہ آپ اردو میں تبصرہ کریں ۔ تاہم اگر آپ کے پاس اردو لکھنے کی سہولت موجود نہیں تو آپ انگریزی یا رومن اردو میں بھی تبصرہ کر سکتے ہیں۔

  1. میرا رب کریم قرآن میں فرماتا ہے 'فمن زحزح عن النار وادخل الجنۃ فقد فاز'
    ترجمہ: پس جو آگ سے بچا لیا گیا اور جنت میں داخل کردیا گیا وہی کامیاب ہے۔
    اللہ ہمیں حقیقی کامیابی عطا فرمائے۔ آمیں یا رب العالمین

    جواب دیںحذف کریں