اپنے اہداف (گولز) کا تعین کیجیے

|| تبصرہ کیجیے
دنیا بھر میں کامیاب ترین اشخاص کی کامیابی کی ابتداء ہمیشہ خواب سے ہوئی ہے لیکن صرف ایک اچھا اور بڑا خواب آپ کو کبھی بھی کامیابی نہیں دلا سکتا۔ خواب کے بنا کامیابی کا تصور محال ہے لیکن صرف خواب کے بل بوتے پر بھی کامیابی قدم چومنے نہیں آتی۔اگر صرف خواب دیکھنے سے کامیابی مل جاتی تو دنیا کا کامیاب ترین شخص یقیناً شیخ چلی ہوتا۔کامیابی کے لیے ایک بڑا خواب دیکھیے ، لیکن صرف خواب پر اکتفا کر کے نہ بیٹھ جائیے ۔ اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے مدت کا تعین کیجیے ۔ آپ نے زندگی کے کسی بھی شعبہ کے بارے میں ایک خواب دیکھا اور پھر یہ طے کر لیا کہ میں نے اتنی مدت میں یہ خواب پورا کرنا ہے تو آپ نے اپنا ہدف یا گول طے کرلیا۔ کامیابی کے موضع پر مشہور و معروف کتاب "تھنک اینڈ گرو رِچ " کے مصنف نپولین ہل نے کہا تھا:
خواب جس کی تکمیل کے لیے ہم وقت کا تعین کر لیتے ہیں گول کہلاتا ہے۔
دنیا میں ناکام افراد کی ناکامی کا ایک بڑا سبب یہ ہوتا ہےکہ ان کے سامنے ان کی منزل واضع نہیں ہوتی۔ وہ اگر کامیابی کے بارے میں سوچتے بھی ہیں تو خود کو ایک دھندلے سے خواب تک ہی محدود ہی رکھتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جن کے ذہن میں یہ تو ہوتا ہے کہ جانا ہے۔ پر کہاں ، کب اور کیسے جانا ہے یہ واضع نہیں ہوتا۔ کہیں جانا ہے سوچ کر وہ بِنا منزل کا تعین کیے نکل پڑتے ہیں اور جس کی کوئی منزل نہیں ہوتی وہ آوارہ گرد کہلاتا ہے اور آوارہ گرد کبھی کامیابی کی گرد کو بھی نہیں چھو سکتا۔ دنیا میں اس بابت بے شمار تحقیقات ہو چکی ہیں کہ وہ لوگ جنہوں نے اپنے گولز یا اہداف طے کیے اور پھر ان کے حصول کے لیے منصوبہ بندی کی اور مستقل مزاج رہے انہوں نے اپنے گولز کو پا لیا۔ باالفاظ دیگر جو اپنی منزل کو جان گیا اور پھر اس منزل کی جانب چل پڑا ، راستے میں آنے والی پریشانیوں اور تکالیف سے نہ گبھرایا اس نے بالآخر اپنی منزل کو جا لیا۔
اگر آپ کو اپنی منزل کا نہیں پتا تو آپ اپنے سفر کو کہیں پر بھی ختم کر دیں گے۔
یوگی بیرا
جن لوگوں کی زندگی میں کوئی واضع مقاصد اور گولز نہیں ہوتے ان لوگوں کی زندگی بڑی بور اور اکتاہٹ بھری ہوتی ہے۔ جب ہمیں اپنی منزل کا پتا نہیں ہوتا تو بے مقصد اور بِنا منزل کے سفر ہمیں اکتاہٹ میں مبتلا کر دیتا ہے۔
اگر آپ کی زندگی میں بوریت ہے، اگر ہر صبح آپ کچھ کر کے دکھانے کی خواہش کے ساتھ بیدار نہیں ہوتے تو آپ کی زندگی میں بڑے گولز ( مقاصد ۔ اہداف )نہیں ہیں ۔
Lou Holtz
کہتے ہیں کہ اسلام آباد کے  ایک صاحب نے اپنی چھٹیوں میں لاہور جانے کا سوچا۔ وہ گھر سے اپنی جمع پونجی لے کر نکلے ، راستے میں انہیں ان کے ایک دوست مل گئے جو کہ سرگودھا جارہے تھے ۔ اس دوست نے ان صاحب کو بھی سرگودھا جانے کی دعوت دی، یہ اس کے ساتھ چل پڑے ۔ وہاں ان دونوں کو ان کے ایک مشترکہ دوست مل گئے جو کہ پشاور جارہے تھے ، اس مشترکہ دوست کی دعوت پر یہ صاحب پشاور جا پہنچے اس چکر میں یہ ہوا کہ ان کی چھٹیاں بھی ختم ہو گئیں اور زادِ راہ بھی خرچ کر بیٹھےاور وہ لاہور بھی نہ پہنچ پائے۔ ایسا کیوں ہوا؟؟ اس لیے کہ ان صاحب پر اپنی منزل واضع نہیں تھی۔ اگر ان پر ان کی منزل واضع ہوتی، ان کے گولز کلیئر ہوتے تو وہ سیدھا لاہور جاتے کبھی بھی دوست کی دعوت پر سرگودھا کا رخ نہ کرتے۔

گولز ۔۔۔ مگر کونسے؟

گولز مختلف مدت کے ہو تے ہیں۔ گولز زندگی بھر کے ہوتے ہیں اور یہ گولز سب سے اہم ہوتے ہیں۔ ان گولز کی مدد سے آپ طے کر تے ہیں کہ آپ اپنی زندگی میں کیا کیا اہداف ہیں جو طے کرنا چاہتے ہیں۔ گولز سالانہ بنیادوں پر بنائے جاتے ہیں کہ ایک سال کی مدت میں آپ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ گولز ماہانہ اور روزانہ کی بنیادوں پر ہوسکتے ہیں۔ گولز کے حوالے سے ایک اور اہم بات یہ ہے کہ گولز زندگی کے کسی ایک شعبے سے متعلق نہیں ہوتے۔ یاد رکھیے! زندگی میں کامیابی کے لیے کبھی بھی ایک شعبے کے گول یا اہداف نہ طے کیجیے ۔ ایک متوازن زندگی کے بہت سے پہلو ہوتے ہیں اور ایک کامیاب انسان ان تمام شعبوں کو اپنی زندگی میں لے کر چلتا ہے۔ کامیابی کے مختلف ماہرین نے مختلف شعبے بیان کیے ہیں جن کے لیے آپ کو اپنے گولز طے کرنے چائیں۔ان میں سے اہم شعبے یہ ہیں۔

  • مالی گولز
  • پیشہ ورانہ گولز
  • صحت کے گولز
  • دینی یا روحانی گولز
  • خاندان کے گولز
  • اپنی ذات سے متعلق  گولز
  • معاشرے سے متعلق گولز
اپنی زندگی کوصحیح معنوں میں کامیاب بنانے کے لیے ان تمام شعبوں کے گولز طے کیجیے۔ ان اہداف یا گولز کو صرف اپنے ذہن تک محدود نہ رکھیے بلکہ کاپی اور قلم پکڑیے اور انہیں لکھ لیجیے ۔ سالانہ گولز وہ گولز ہیں جو آپ ابھی اسی وقت لکھ سکتے ہیں۔ ابھی طے کیجئے کہ آپ ان تمام شعبوں میں سال 2014 ء کے اندر کون کون سے اہداف ہیں جو طے کرنا چاہتے ہیں ان اہداف کو لکھ لیجیے ۔ گولز لکھنے سے یہ ہو گا کہ یہ گولز آپ کو سامنے رہیں گے۔ آپ کو تحریک دیتے رہیں گے، ان گولز کو اپنے سامنے رکھیے اور دہراتے رہیے۔ اور اپنے سالانہ گولز کے حصول کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کرتے ہوئے آج ہی ان کے حصول کے لیے پہلا قدم اٹھائیے ۔ کسی دانشور نے کیا ہی خوبصورت بات کی ہے
خواب دیکھنے اور گولز طے کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔

گولز کیسے بنائیں؟

یہاں تک پڑھنے کے بعد آپ پر ایک بات واضع ہو گئی ہو گی کہ کامیابی کےلیے اہداف یا گولز کا تعین انتہائی ضروری ہے۔ تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ گولز کس کس شعبے سے ہوں؟ کون کونسے ہوں اور کتنے ہوں؟
کامیابی کے گرو اس سلسلے میں یہ مشورہ دیتے ہیں کہ آپ سمارٹ (Smart) گولز طے کریں۔ سمارٹ گولز سے یہ مراد ہے کہ گولز
Specific
Measurable
Attainable
Realistic
Time bounded
ہوں۔ ان سب کی میں اگر مختصر وضاحت کروں تو وہ کچھ یوں ہو گی۔ 

  1. آپ کے گولز ویسے ہی ہونے چائیں جیسا کہ آپ حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چائیے ۔ آپ کو واضع طور پر پتا ہونا چائیے کہ آپ کو کیا چائیے ، آپ کے اہداف ایسے ہونے چائیں کہ آپ انہیں اپنے الفاظ میں بیان کر سکیں۔ گولز میں اگر مگر کی گنجائش نہ رکھیے۔
  2. آپ کے اہداف قابلِ پیمائش ہونے چائیں۔ فرض کریں کہ آپ دولت کا گول بنا رہے ہیں تو واضع طور پر ہدف بنائیے کہ آپ کو اتنی دولت چائیے ۔بہت سی دولت کوئی گول نہیں ہے ۔واضع ہدف بنایئے کہ میں اس سال کے اختتام تک ایک لاکھ روپے ماہانہ کمانا چاہتا ہوں۔
  3. گولز بناتے ہوئے یہ اصول ضرور ذہن میں رکھیے کہ گولز آپ اپنے بنائیں، بیوی بچوں سے انہیں منسلک نہ کر بیٹھیں۔ آپ صرف اپنی ذات کی حد تک بنائے گئے اہداف  کامیابی سے طے کر سکتے ہیں۔
  4. آپ کے گولز حقیقت پسندانہ ہونے چائیں۔ اہداف طے کیجیے، ہوائی قلعے نہ تعمیر کیجیے۔ اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ آپ بڑے گولز نہ بنائیں ۔ گولز ہمیشہ بڑے طے کیجیے لیکن وہ ممکن اور قابل حصول ہونے چائیں۔ فرض کریں کہ آپ کے پاس کوئی کاروبار ، کاروبار کا تجربہ اور سرمایہ نہیں ہے اور آپ گول طے کر بیٹھیں کہ میں اس ماہ ایک کاروبار شروع کروں گا جو کہ مجھے پہلے ماہ ہی ایک لاکھ ماہانہ کی آمدن دینا شروع کر دے گا تو یہ گول حقیقت پسندانہ نہیں ہو گا۔
  5. گولز کے ساتھ وقت کا تعین ضرور کیجیے کہ یہ گول میں اتنی مدت میں حاصل کر لوں گا۔ گول ہمیشہ Time bounded ہوتا ہے ۔
خواب جس کی تکمیل کے لیے ہم وقت کا تعین کر لیتے ہیں گول کہلاتا ہے۔
اٹھیے گول طے کیجیے۔ یاد رکھیں ! بنا گول کے آپ کی زندگی بس گول مول ہی رہے گی۔

0 تبصرہ جات :

آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ بتائیں نا!

آپ کو یہ تحریر کیسی لگی، یہاں پر آپ اظہارِ خیال کر سکتے ہیں۔ کیوں کہ اس بلاگ کی زبان اردو ہے اس لیے پسند کیا جاتا ہے کہ آپ اردو میں تبصرہ کریں ۔ تاہم اگر آپ کے پاس اردو لکھنے کی سہولت موجود نہیں تو آپ انگریزی یا رومن اردو میں بھی تبصرہ کر سکتے ہیں۔