کامیابی کا نقطہ آغاز

|| 2 تبصرہ جات
2013ء کی انتہائی مقبول اور رومانوی انڈین فلم عاشقی 2 کا ایک  ڈائیلاگ بڑے کمال کا ہے۔ فلم کے پچیسویں منٹ میں ہیرو جب ہیروئن کے خوابوں کے متعلق بات کرتا ہے تو ہیروئن کہتی ہے خواب تو سبھی دیکھتے ہیں اس سے کیا ہوتا ہے۔ ہیرو کا یک لفظی جواب ہوتا ہے، "آغاز"۔

خواب۔۔۔کیا؟ کیوں؟ کیسے؟

خواب کی بڑی خوبصورت تعریف انڈیا کے سابق صدر اور مسلمان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹراے پی جے  عبدالکلام نے کی ہے
خواب وہ نہیں ہوتے جو آپ سوتے میں دیکھتے ہیں ، خواب تو وہ ہوتے ہیں جو آپ کو سونے نہیں دیتے۔
اس بات میں کوئی دورائے ہے ہی نہیں کہ کامیابی کا نقطہ آغاز ہمیشہ خواب ہوتے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں خواب دیکھنے کی ہمیشہ حوصلہ شکنی کی جاتی ہے اور خواب دیکھنے والوں کا مذاق اڑاتےہوئے انہیں "شیخ چلی" کے لقب سے گردانا جاتا ہے۔ بچپن کی عمر بڑی زبردست عمر ہوتی ہے، خواب دیکھنے کی عمر ،  ان خوابوں سے پیار کرنے کی عمر اور پھر  اپنے خوابو ں کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے جستجو کی عمر۔ لیکن جوں جوں ہم بڑے ہوتے جاتے ہیں ہم سے ہمارے خواب چھنتے چلے جاتے ہیں یا پھر ہم معاشرے کی باتوں اور تنقید سے تنگ آکر اپنے خوابوں سے دستبردار ہو جاتے ہیں۔جب ہم خواب دیکھنا چھوڑتے ہیں تو اصل میں ہم ناکامی کی طرف قدم بڑھا رہے ہوتے ہیں کیوں کہ کامیابی کانقطہ آغاز تو خواب ہی ہیں۔
کامیابی کا پہلا جزو خواب دیکھنے کی عمر میں "ایک بڑے خواب " کا دیکھنا ہے۔
 (جان ایلن ایپل مین)
خواب دیکھنے کی صحیح عمر نوجوانی  ہے ، یہ وہ عمر ہوتی ہے جس میں انسان اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے اپنی ساری توانائیاں صرف کر سکتا ہے ۔ اگر کسی نے بھی کامیابی حاصل کرنی ہے تو اسے اپنے اندر جھانکنا ہو گا، اپنے خواب تلاش کرنے ہوں گے اور پھر لوگوں کی باتوں کی پرواہ کیے بنا ان کی تکمیل کے لیے جی جان سے کوشش کرنی ہوگی۔ خواب کے بارے میں ایک اصول یاد رکھیے، ہمیشہ بڑے خواب دیکھیے کہا جاتا ہے کہ
ہمیشہ چاند کو نشانہ بنائیے۔ اگر آپ کو چاند نہ ملا تو ستارے ضرور مل جائیں گے۔
یعنی اپنے خواب اور مقاصد بلند رکھیے کیوں کہ اپنے خوابوں سے بڑھ کر آپ کچھ نہیں پاسکیں گے۔ جن کا خواب 10 ہزار والی سرکاری نوکری ہوتی ہے وہ کبھی بل گیٹس نہیں بن پاتے اور جنہوں نے خواب "کسی طرح" پاس ہو جانے کا دیکھا ہووہ کبھی پوزیشنز حاصل نہیں کر سکتے۔

خواب دیکھنے والے کون؟؟

چاہے آپ دنیا کے کامیاب لوگوں کا مطالعہ کریں یا پاکستان ہندوستان کے۔ یہ بات آپ پر روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جائے گی کہ وہ کامیاب لوگ وہی ہیں جنہوں نے اپنے جدوجہد کے دور میں ایک بڑ ا خواب دیکھا اور پھر اس کو پورا کرنے کے لیے اپنی ساری توانائیاں خرچ کر ڈالیں۔ دنیا کے کسی بھی شعبے کے کامیاب لوگ وہی ہیں جنہوں نے غربت میں آنکھ کھولی ، نوالے نوالے کو ترستے رہے ، ایک بڑا خواب دیکھا اور پھر اپنے عہدِ جوانی کی ساری توانائیاں خرچ کر کے آج کا میابی کی بلند چوٹیوں پر چڑھے بیٹھے ہیں۔ کے ایف سی کے کرنل لونل سینڈرز نے ننانوے امریکی ڈالرز کے چیک کو ٹھوکرمار کر کچھ بڑا کر کے دکھانے کاخواب دیکھا اور آج تعبیر ہمارے سامنے ہے۔ بل گیٹس کو ہارورڈ یونیورسٹی نے نکال باہر پھینکا، اس نےہمت نہیں ہاری ، ایک بڑا خواب دیکھا اور پھر 2007ء میں اسی یونیورسٹی نے اسے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی۔
ابھی حال ہی میں وٹس ایپ نامی کمپنی کو فیس بک نے انیس ارب  امریکی ڈالر میں خریدا ہے۔ اس کابانی کون ہے؟؟ جین کوم نامی ایک یوکرائنی مہاجر لڑکا۔ جین کوم نے 2007ء میں کچھ نیا اور منفرد کرنے کا بڑا خواب دیکھا اور پھر اس کی تکمیل کے لیے سب کچھ داؤ پر لگا دیا، 2009ء میں اس نے وٹس ایپ نامی کمپنی شروع کی ۔آج یہ صورتحال ہے کہ واٹس ایپ کے پینتالیس کروڑ صارف ہیں، تیس چالیس کروڑ لوگ روزانہ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں۔ دس لاکھ افراد ہر روز رجسٹر ہو رہے ہیں، ساٹھ کروڑ فوٹو روزانہ اپ لوڈ ہوتی ہیں، بیس کروڑ وائس میسجزجبکہ دس ارب میسجز روزانہ بھیجے جاتے ہیں۔اس غیرمعمولی مقبولیت کا صلہ یہ ملا کہ فیس بک نے وٹس ایپ کو انیس ارب ڈالر میں خرید لیا۔ مشہور مالیاتی میگزین فوربس کے مطابق یوکرائنی نژاد جین کوم ایک ہی دن میں سات ارب ڈالر یعنی ساڑھے سات سو ارب سے زیادہ پاکستانی روپوں کا مالک بن گیا۔
یہاں پر اکثر ایک اعتراض اٹھایا جاتا ہے کہ وہ انصاف پسند معاشرے ہیں، وہاں قانون کی حکمرانی ہے ، امیر اور غریب کے لیے ترقی کے یکساں مواقع ہیں۔ جب کہ ہمارے ہاں ایسانہیں ہے، یہا ں ترقی کرنا اتنا آسان نہیں ہے ۔یہاں خواب دیکھنے کا حق صرف امیر کی اولاد کو حاصل ہے ، غریب کو یہاں خواب دیکھنے اور ترقی کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ یاد رکھیے یہ سب کام چوری کے بہانے ہیں۔ کسی دانشورکا بڑا ہی خوبصورت قول ہے:
مجھے خدا کے انصاف پر یقین آگیا جب میں نے دیکھا کہ اس نے غریب اور امیر کو خواب دیکھنے کی یکساں صلاحیت دے کر بھیجا ہے۔
جن لوگوں کے پاس کچھ نہیں ہے۔ اس وقت ان کے حالات ہر لحاظ سے خراب ہیں، ان کے لیے زیادہ ضروری ہے کہ وہ خواب دیکھیں اور بڑے خواب دیکھیں ۔
بدقسمت ہے وہ شخص جس کے حالات بھی اچھے نہیں اور وہ پھر بھی خواب نہیں دیکھ رہا۔
(قاسم علی شاہ)
ہمارے معاشرے میں ایسی ہزاروں مثالیں بکھری پڑی ہیں جہاں غریب اور بالکل نچلے طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے کامیابی وکامرانی کی بلندیوں کوچھوا۔ حکیم محمد سعید سے عبدالستار ایدھی اور قیصر عباس سے قاسم علی شاہ تک کامیابی کی نہ ختم ہونے والی داستانیں ہیں۔
حکیم محمد سعید تقسیمِ ہندوستان کے وقت اپنا سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر نوزائدہ پاکستان میں آ گئے، یہاں دو وقت کی روٹی ملنا بھی دشوار تھی۔ لیکن آپ کےخواب بڑے اور ہمت جوان تھی ۔ حکیم صاحب نے صرف ساڑھے بارہ روپے سے کرائے کی عمارت میں ہمدرد کی بنیاد رکھی اور دیکھتے ہی دیکھتے ہمدرد پاکستان کابہت بڑا ادارہ بن گیا۔ پھر انہی حکیم محمد سعید نے مدینتہ الحکمت جیسے ادارے قائم کیے اور اپنا سب کچھ پاکستان کے لیے وقف کر ڈالا۔
عبدالستار ایدھی کی مثال ہمارے سامنے ہے، آغاز بالکل صفر سے لیکن خواب بہت بڑا۔ بے آسرا اور مصیبتوں میں گھرے لوگوں کے لیے کچھ کر گزرنے کا جذبہ آپ میں موجود تھا۔ ایک بڑی فلاحی تنظیم کاخواب آپ نے دیکھا اور پھر چل نکلے۔ آج ایدھی فاؤنڈیشن کا نام بچے بچے کو معلوم ہے۔ آج ایدھی فاؤنڈیشن دنیا کی سب سے بڑی نجی ایمبولینس سروس چلا رہی ہے جس میں ائیر ایمبولینس سروس بھی شامل ہے۔
شاباش تم کر سکتے ہو اور ٹک ٹک ڈالر کے مصنف قیصر عباس نے انتہائی غربت میں آنکھ کھولی۔ روٹی کھانے اور پڑھائی کے لیے آپ کے لیے پیسے نہیں تھے ۔ لیکن خواب ، عزائم اور ہمت بہت بلند تھی۔اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے قیصر نے کینٹین پر چائے بھی بنائی اور فیکٹریوں میں مزدوری بھی کی۔  بڑے بڑے خوابوں نے قیصر عباس کو آج ایک انتہائی کامیاب ٹریننگ اور کنسلٹنٹ کمپنی کا مالک بنا دیا۔ آج وہ دنیا بھر میں لوگوں کو خواب دیکھنے اور انہیں تکمیل تک پہنچانے کا ہنر سکھا رہے ہیں ۔
لاہور کے علاقے گلشن راوی سے تعلق رکھنے والے نوجوان ٹرینر اور عظیم استاد قاسم علی شاہ بھی ایک غریب ماں باپ کی اولاد ہیں ، آپ نے دو ٹوٹی پھوٹی کرسیوں اور دو طالب علموں  سے2002ء میں  اپنی اکیڈمی کا آغاز کیا لیکن آپ کے خواب بہت بڑے تھے ۔ پھر بڑے خوابو ں ، خود پر یقین اور ان تھک محنت کی بدولت آج ماشاءاللہ آپ کے طالبِ علم ہر شعبہ زندگی  میں اپنی صلاحیتوں کالوہا منوا رہے ہیں اور آپ کی اکیڈمی جس کا آغاز دو بچوں سے ہوا آج وہاں سے ہر سال 1300 طالبِ علم تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اب کیا کرنا ہے؟؟

یہ سب  کچھ جان جانے کے بعدبس اب ایک کام ہے جو ابھی اور اسی وقت کرنا ہے اور وہ کام ہے "بچہ بن جانا"۔ بچے بن جائیے ، اپنے اندر جھانکیے اور اپنے خوابوں کو تلاش کیجیے ۔ یاد رکھیے
کامیابی بڑوں کا نہیں ، بچوں کا کھیل ہے۔
(سندیپ مہیش وری)
اپنے خواب تلاش کیجیے ، انہیں پروان چڑھائیے ، ان سے پیارکیجیے ۔ ہاں اپنے خواب بناتے وقت ہمیشہ بلندی پر نگاہ رکھیے ۔ کیوں کہ
بہت نیچے تعمیر کی، جنہوں نے ستاروں سے نیچے تعمیر کی۔
(ایڈورڈ ینگ)
خواب کے بعد کامیابی کی طرف دوسرا قدم گولز یا اہداف کا تعین ہوتا۔ انشاء اللہ گولز کے بارے میں ہم اپنے اگلے مضمون میں بات کروں گا۔تب تک خواب دیکھیے ۔۔۔بہت اونچے خواب۔

2 تبصرے :

آپ کو یہ تحریر کیسی لگی، یہاں پر آپ اظہارِ خیال کر سکتے ہیں۔ کیوں کہ اس بلاگ کی زبان اردو ہے اس لیے پسند کیا جاتا ہے کہ آپ اردو میں تبصرہ کریں ۔ تاہم اگر آپ کے پاس اردو لکھنے کی سہولت موجود نہیں تو آپ انگریزی یا رومن اردو میں بھی تبصرہ کر سکتے ہیں۔

  1. کمال پڑھ کر مزا آگیا۔
    واصف

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. شکریہ محترم واصف صاحب!
      اس طرح کی مزید تحریروں کے لیے ہمارے بلاگ کو وزٹ کرے رہیے۔

      حذف کریں