کامیابی کا پیغام . قاسم علی شاہ

|| 3 تبصرہ جات
دنیا بھر میں کامیابی، کامیابی کے اصول، سیلف ہیلپ اور تحریک دلانے والی کتابیں لاکھوں اور کروڑوں کی تعداس میں چھپتی اور بکتی ہیں لیکن اگر بات کی جائے وطن عزیز پاکستان اور ہماری قومی زبان اردو کی تو یہاں معاملہ تھوڑا سا جدا ہے۔ ہمارے ہاں بے شمار اشخاص کامیابی کے خواہاں تو ہیں لیکن کامیاب کیسے ہوا جاتا ہے، یہ جاننے میں وہ کوئی خاص دلچسپی نہیں رکھتے، اسی وجہ سے ہمارے ہاں اس موضوع پر زیادہ کتابیں بھی شائع نہیں ہوتیں ۔ یہ ایک تسلیم شدہ بات ہے کہ کامیابی بائی چوائس ہوتی ہے نہ کہ بائی چانس، لیکن ہمارے ہاں افراد کی  اکثریت کامیاب افراد کی کامیابی کے لیے کی گئی کوشش، کامیابی کے حصول کے پیچھے کارفرما کامیابی کی شدید خواہش اور ان کی دن رات کی   محنت کو یا تو ان کی قسمت کے ساتھ جوڑ دیتی ہے  یا پھر اسے ناجائز ذرائع اور حرام راستوں کی مرہونِ منت سمجھتی ہے۔
اس گھٹن زدہ اور بے شعور معاشرے کو شعور عطا کرنے اور کامیابی کی حقیقی لگن رکھنے والے افراد کو کامیابی کی راہوں سے روشناس کرانے کے لیے چند افراد اور ادراے پچھلے کئی سالوں سے کوشاں ہیں ۔ انہی لوگوں میں ایک نام نوجوان مصنف اور عظیم استاد قاسم علی شاہ کا ہے۔ قاسم علی شاہ نے کامیابی کے اصولوں کو جانا، پرکھا، آزمایا اور انہیں کامیاب پا کر لوگوں کو ان سے روشناس کرانے کی ٹھان لی۔ کامیابی کے وہ اصول جو قاسم علی شاہ صاحب نے اپنی زندگی میں آزمائے انہیں اپنی کتاب "کامیابی کا پیغام " میں قوم کے پرجوش نوجوانوں کے سامنے رکھ دیا تاکہ وہ بھی ان اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے دین و دنیا میں عظیم کامیابیاں حاصل کر پائیں۔ آج ہم آپ کو قاسم علی شاہ کی اسی کتاب سے روشناس کرانے جارہے ہیں۔

کچھ مصنف کے بارے میں

قاسم علی شاہ لاہور کے علاقے گلشن راوی کے رہائشی اور غریب ماں باپ کی اولاد ہیں۔ اپنے دورِ طالب علمی میں آپ کے اندر کامیابی کی شدید تڑپ پائی جاتی تھی۔ اس تڑپ نے آپ کو کامیابی کے عظیم رازوں سے روشناس کرایا  ۔ آپ نے ان رازوں کو جانا، اپنے حالات کو تبدیل کرنے کا عزم کیا، ایک بڑا خواب دیکھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے چند ہی سالوں میں تمام تر مشکلات کے باوجوداپنے حالات کو بدل کر رکھ دیا۔ آج قاسم علی شاہ لاہور میں ایک شاندار ادارے کے بانی ہیں ۔ آپ کی اکیڈمی جس کی ابتداء صرف چار بچوں سے ہوئی  سے ہر سال 1300 سے زائد طالب علم نہ صرف تعلیم بلکہ تربیت بھی پا کر نکلتے ہیں۔ آپ نے زندگی کے مختلف شعبوں اور کامیابی کے موضوع پر بے شمار لیکچر ریکاڑڈ کرا کر انٹرنیٹ پر اپلوڈ کر رکھے ہیں جن سے کوئی بھی مفت استفادہ کر سکتاہے۔ بہت جلد ہم انہی صفحات پر شاہ صاحب کی کامیابی کی کہانی تفصیلاً پیش کریں گے۔

کامیابی کا پیغام

کامیابی کا پیغام 200 سے زائد صفحات پر پر مشتمل ایک شاندار کتاب ہے ۔ اس کتاب کے اندر قاسم علی شاہ نے اپنی کامیابی کے تمام تر راز طشت از بام کر دیے ہیں۔ یہ ان آزمودہ اصولوں پر مبنی کتاب ہے جن اصولوں کی بدولت صاحبِ کتاب کی کامیابی ممکن ہوئی ہے۔ کتاب 50 مضامین پر مشتمل ہے اور ہر مضمون اپنے اندر علم و حکمت کے عظیم خزانے سموئے ہوئے ہے۔یہاں میں چند مضامین کا مختصر خلاصہ آپ کی خدمت میں پیش کرنے جا رہا ہوں۔ 
کتاب کا پہلا مضمون اپنا حصہ میں شاہ صاحب نے کتاب لکھنے کا مقصد بیان کیا ہے ، آپ نے ایک نوجوان کے اس اعترا ض کا جواب دیا ہے کہ اس طرح کے مضامین اور کتابیں اس معاشرے پر کوئی اثر نہیں ڈالتیں ۔ شاہ صاحب کا ماننا ہے کہ ہمیں اپنی کوشش یہ سوچے بنا کہ ہمیں کامیابی مل رہی ہے یا نہیں جاری رکھنا چائیے تا کہ قیامت کے دن ہم خدا تعالیٰ کی ذات کے سامنے ہم سرخرو ہوں کہ ہم اپنی سعی کر کے آئے ہیں باقی ان کوششوں کو بارآور کرنا اس مالک کے ہاتھ میں ہے۔ کتاب کے دوسرے مضمون خود کو قیمتی بنائیے میں ہمارے نوجوانوں کی ایک عام غلطی کو واضع کیا گیا ہے کہ ہم سب اس دنیا میں قیمتی بکنا چاہتے ہیں لیکن خود کو قیمتی بنانے کے لیے ہم تیار نہیں۔ مصنف نے اپنی زندگی کے تجربات کی روشنی میں خود کو قیمتی بنانے کے اہم راز آشکارا کیے ہیں۔ مضمون کامیابی کیسے ممکن ہے میں کامیابی اور خوشحالی کے اہم رازوں کو مختصراً بیان کیا گیا ہے۔ اگلا مضمون تقدیر ساز فیصلے، کامیابی کے لیے قوت ِ فیصلہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتا ہے۔ شاہ صاحب نے کامیابی کا ایک اہم اصول انتہائی خوبصورت الفاظ میں بیان کیا ہے۔ 

مضمون مقصد کی اہمیت  اور درست سمت کا تعین میں گول سیٹنگ کی اہمیت ، فوائد اور گول سیٹنگ کے اصول بڑے سادہ اور آسان الفاظ میں بیان کیے گئے ہیں۔ کتاب کا اگلا مضمون زندگی میں توازن کی اہمیت پر بحث کرتاہے، دراصل کامیاب زندگی وہی زندگی ہے جس میں توازن ہے ۔ شاہ صاحب نے اپنے اس مضمون میں قارئین کو توازن کی اہمیت سے روشناس کرایا ہے نیز یہ بھی بتایا گیا ہے کہ زندگی کے کون کونسے شعبے ہیں جنہیں ہمیں ساتھ ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے ۔ کامیابی کا پیغام کا آٹھواں اور نواں مضمون کامیاب اور ناکام افراد کے عقائد و نظریات کو بیان کرتاہے ۔ صاحب کتاب نے جہاں کامیاب افراد کے سوچنے کا انداز بیان کیا ہے وہیں نوجوانوں کے کامیاب لوگوں کی طرح سوچنا بھی سکھایا ہے۔ کتاب کے اگلے دو مضمون کامیابی کی قیمت کو بیان کرتے ہیں ۔ کامیاب اور مثال بنے والے لوگ اپنی کامیابی کی ایک بڑی قیمت چکاتے ہیں اور کامیابی جتنی بڑی ہوتی ہے اس کی قیمت بھی اتنی ہی بڑی ہوتی ہے۔ کامیابی کی قیمت چکائے بنا کامیابی کی توقع رکھنا نری حماقت ہے۔
ہمارے ہاں جب بھی نوجوانوں  کو کامیاب افراد کی مثال دیتے ہوئے ان کی طرح کچھ کر کے دکھانے کو مشورہ دیا جاتا ہے تو ایک اعتراض ہمیشہ یہ وارد ہوتا ہے کہ کامیاب افراد ہمیشہ ترقی یافتہ ممالک میں ہی جنم لیتے ہیں اوراس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں کا سسٹم انصاف پر مبنی ہے ۔ یہ پاکستان ہےیہاں ایساممکن نہیں  جیسے فقرے عام سننے کو ملتے ہیں ۔لیکن قاسم علی شاہ صاحب  نے اپنے مضمون آپ پاکستان میں رہتے ہوئے کامیاب ہو سکتے ہیں میں اسی معاشرے کے ان کامیاب 
افراد کی مثالیں دی ہیں جو زیرو تھے اور جنہوں نے یہیں رہتے ہوئے تمام تر  مشکلات کے باوجود ہیرو  بن کے دکھایا ۔ 

کتاب کا اگلا باب قاری کو اصل ہیروز سے روشناس کراتا ہے۔ ناکامیاں کامیابی کے لیے ضروری ہیں اس مضمون میں شاہ
 صاحب نے اپنے قاری پر یہ  بات واضع کی ہے کہ مشکلات ، مسائل اور ناکامیاں کامیابی کی سیڑھی ہوتی ہیں۔ سونا بھٹی میں جل کرہی کندن بنتا ہے۔ کتاب کے مضمون اپنی سوچ بدلیں میں غیر معمولی اور کامیاب افراد کے سوچنے کے ڈھنگ کو بیان کیا گیا ، اس مضموں کو پڑھنے کے بعد آپ جان پائیں گے کہ کیسے خیالا ت کے بدلنے سے حالات بدل جاتے ہیں۔ کون ہارا کون جیتا؟ میں قاسم صاحب ہمارے ہار اور جیت کے تصورات کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ کے نزدیک
اہم یہ نہیں کہ آپ ہار گئے یا جیت گئے بلکہ اہم یہ ہے کہ آپ کا رویہ مثبت رہا یا منفی۔
کتاب کے ایک اہم مضمو ن ابتداء آپ سے میں موجودہ وسائل میں رہتے ہوئے خود سے ابتداء کر کے پورے معاشرے کو بدل دینے کو عملی مثالوں سے سمجھانے کی کوشش کی گئ ہے۔ جس طرح کامیاب لوگوں کی کامیاب کے پیچھے کچھ فیصلے، کچھ خواب اور کچھ اصول ہوتے ہیں اسی طرح ناکام کی ناکامی کے پیچھے بھی چند وجوہات ہوتی ہیں انہی وجوہات کو خوبصورت پیرائے میں مضمون ناکامی کی وجوہات میں بیان کیا گیا ہے۔ خوف کامیابی کا دشمن مضمون میں خوف کی وجوہات اور خوف سے چھٹکارے کے طریق بیان کیے گئے ہیں۔ اس دنیا میں شاید ہی کوئی شخص ہو گا جوامیر نہیں ہونا چاہتا ہو گا لیکن اس دنیا میں بہت کم اشخاص ایسے ہیں جو امیر افراد کی طرح سوچتے ہیں اگلے چند مضامین  میں خوشحالی کیوں؟ کب؟ اور کیسے ؟ پر بحث کی گئی ہے۔ کتاب کا ایک اور بہترین باب کامیاب لوگ ایسا کیا کرتے ہیں ہے، اس مضمون میں آپ پر کامیاب افراد کی کامیابی کے چند اور راز ظاہر ہوں گے جنہیں اپنا کر آپ اپنی زندگی کو کامیاب بنا سکتے ہیں۔ کتاب کے کچھ مضامیں انسانی رشتوں ماں، باپ ، بہن بھائی اور اساتذہ کی اہمیت کو بیان کرتےہیں۔ قاسم علی شاہ ، حضرت واصف علی واصف  کو اپنا روحانی استاد مانتے ہیں ۔ کتاب کا ایک اہم مضمون واصف علی واصف ۔۔۔ایک زندہ استادمیں واصف علی واصف کی زندگی کو بیان کیا گیا ہے ساتھ ہی شاہ صاحب نے کیسے پیغام واصف پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی کو کامیاب بنایا یہ تجربہ بھی بیان کیا ہے۔ بے لوث بانٹئے میں بچا بچا کے رکھنے کی حوصلہ شکنی اور اہل لوگوں پر لٹانے کی حوصلہ افزائی کی گئ ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ دولت بچانے سے بڑھتی ہے، شاہ صاحب نے ہمارا یہ واہمہ توڑا ہے اور ثابت کیا ہے کہ دولت تو اللہ کے راہ میں لٹانے سے بڑھتی ہے۔ مضمون رول ماڈلز میں کامیابی کے راستے پر رول ماڈل یاگرو کی اہمیت بیان کی گئی ہے کہ کیسے ہم اپنے کامیابی کے سفر کو گرو کے سہارے آسان بنا سکتے ہیں، کتاب میں انسانیت کے لیے بہتریں رول ماڈل حضرت محمد ﷺ کی شخصیت بھی بیان کی گئی ہے۔ آسان اور مشکل کا تصور میں جس چیز کو ہم آسان سمجھتے ہیں وہ آسان اور جسے مشکل سمجھتے ہیں وہ مشکل ہے کا فلسفہ تفصیلاً بیان کیا گیا ہے۔ کتاب کے آخر ی الفاظ انسان کو رلا دیتے ہیں ، میرے لیے یہ ممکن نہیں کہ میں انہیں اپنے الفاظ میں بیان کرپاؤں اس کے لیے آپ کو کتاب کا مطالعہ کرنا ہو گا۔ 
کامیابی کا پیغام کے یہ چند مضامین کے چیدہ چیدہ نکات ہیں۔ کتاب 50 مضامین پر مشتمل ہے اور ہر مضمون بلا شبہ اپنے اندر علم و حکمت کے عظیم راز سموئے بیٹھا ہے۔ آپ  چند سو روپوں کی سرمایہ کاری کر کے ان رازوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

کتاب کے بارے میں کامیاب افراد کی رائے 

کامیابی کا پیغام نے نہ صرف عام افراد کو متاثر کیا بلکہ کامیاب تریں افراد بھی اس کتاب سے متاثر ہوئے بنا نہ رہ پائے۔ کتاب کے بارے میں معروف موٹیویشنل سپیکر اور شاباش تم کر سکتے ہو کے مصنف قیصر عباس رقمطراز ہیں
قاسم علی شاہ کی یہ کتاب آپ کی سوچ، رویوں اور ارادوں کو ایک توانائی دے گی۔ اس سے آپ کی زندگی کامیابی کی خوشیوں سے بھر جائے گی۔ یہ کتاب پڑھ کر آپ زیادہ کامیاب ہو سکتے ہیں، جلدی کامیاب ہو سکتے ہیں اور آپ کی کامیابی دیرپا ثابت ہو گی۔ 
سینئر مصنف اور استاد صغیر احمد کی اس کتاب کے بارے میں رائے کچھ یوں ہے
اس جامع کتاب میں وہ تمام مستند اصول یکجا موجود ہیں جو کامیابی کے متلاشی ہر شخص کو کامیابی کی یقینی ضمانت مہیا کرتے ہیں ۔ خوبصورت اند ازِ بیاں ،موزوں الفاظ ، اشعار اور برجستہ حوالے پیغام کامیابی کی تاثیرمیں مزید اضافہ کرتے ہیں۔
ماہر تعلیم محمد ذوالفقار مغل نے کامیابی کے پیغام کے بارے میں کچھ یوں اظہارِ خیال کیا ہے
عموماً تمام مصنف اپنی کتابیں دماغ  سے لکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کا اثر دلوں پر کم وبیش ہی ہوتا ہے۔  لیکن کامیابی کا پیغام کی خاص بات یہ ہے کہ شاہ جی نے اسے دل سے لکھا ہے اور دل سے لکھی گئی تحریر ہمیشہ دل پر اثر کرتی ہے۔ اسی لئے کامیابی کا پیغام لفظی تعریف سے بالا تر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چالیس بار پڑھنے کے باوجود دل اسی انہماک سے پڑھنے پر مجبور ہو جاتا ہے، جیسا کہ پہلی نشست میں تھا۔
اگر آپ  کامیابی کے خواہاں ہیں اوراپنے کامیابی کے سفر کو تیز تراور  آسان  بنانا چاہتے ہیں تو آپ کو یہ کتاب ضرور پڑھنی چائیے ۔ کتاب کامیابی کے پیغام کے حصول کے لیے آپ امجد صاحب سے اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

0333-4051741

3 تبصرے :

آپ کو یہ تحریر کیسی لگی، یہاں پر آپ اظہارِ خیال کر سکتے ہیں۔ کیوں کہ اس بلاگ کی زبان اردو ہے اس لیے پسند کیا جاتا ہے کہ آپ اردو میں تبصرہ کریں ۔ تاہم اگر آپ کے پاس اردو لکھنے کی سہولت موجود نہیں تو آپ انگریزی یا رومن اردو میں بھی تبصرہ کر سکتے ہیں۔

  1. کتاب کا تعارف تو بہت اچھا ھے اب جب پڑھیں گے تو پھر پتا چلے گا کہ پہلی کتابوں اور اس میں کیا امتیازی فرق ھے آپکی کتاب کس کتب خانے نے چھاپی ھے تاکہ حاصل کی جاسکے

    جواب دیںحذف کریں
  2. محترم برادرم قاسم علی شاہ صاحب
    السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
    ناامید کو امید اور ناکام کو کامیابی کی امنگ دینا ایک قابل تعریف کام ہی نہیں بہت بڑی خدمت ہے۔آپ کا انداز اور عمدہ فکر نے بہت متاثر کیا۔میں بھی چونکہ لیکچر کے شعبہ ہی سے وابستہ ہوں تو آپ کو تحسین پیش کرنا علم دوست پیغام کا کفارہ سمجھتا ہوں۔عمدہ بات عمدہ انداز میں کہنا آپ کو فطرت نے ودیعت کیا ہے ۔بہت سی دعائیں ہیں ۔میری خواہش ہے کہ کراچی میں آپ جب تشریف لائیں تو ضرور ملاقات فرمائیں۔۔۔ہم دوست بھی ملکر پاکستان سطح پر ایک فورم تشکیل دینے کے خواہش مند ہیں کہ آپ کی طرح کہ اہل علم دست راست بن جائیں تو اچھے انداز میں اپنے حصّے کا چراغ روشن کرسکیں گے۔۔
    طالب دعا:ڈاکٹر ظہوراحمد دانش
    میڈیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ
    0346-2914283

    جواب دیںحذف کریں
  3. اس بات میں کوئي شک نہیں کہ انسان کا اپنا دل اور دماغ ہی اس کو کامیابی کی جانب لے جا سکتا ہے لیکن جب آپ نے سوچ سمجھ کر اپنا پہلا قدم ہی نہیں اٹھانا تو دنیا کے کسی کامیاب انسان کی مثال سے سبق نہیں ملے گا آپ کو

    جواب دیںحذف کریں